الجواب:- آفتاب غروب ہو جانے کے بعد آسمان میں سرخی پچھم کی سمت میں ہوتی ہے اس کو شفق احمر کہتے ہیں پھر اس سرخی کے بعد اس کی جگہ سفیدی آتی ہے تو اس کو شفق ابیض کہتے ہیں پھر کچھ دیر بعد وہ بھی غائب ہو جاتی ہے اور شفق کی تعیین میں علماء کا اختلاف ہے چنانچہ حضرت امام ابو حنیفہ رحمہ اللہ نے فرمایا کہ شفق وہ سفیدی ہے جو سرخی کے بعد افق پر آتی ہے یہی قول صدیق اکبر رضی اللہ تعالی عنہ ،معاذ رضی اللہ تعالی عنہ انس رضی اللہ تعالی عنہ، ابن زبیر رضی اللہ تعالی عنہ کا ہے۔اور حضرات صاحبین نے فرمایا کہ اس سرخی کا نام شفق ہے جو افتاب غروب ہو جانے کے بعد آسمان میں پچھم کی سمت میں ظاہر ہوتی ہے اور یہی قول امام شافعی رحمہ اللہ کا ہے، صاحبین کی دلیل آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا قول الشفق الاحمر اور امام ابو حنیفہ رحمہ اللہ کی دلیل وہ حدیث ہے جس کو حضرت ابو ہریرہ نے روایت کیا ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ مغرب کا آخری وقت جب کہ افق سیاہ پڑ جاتا ہے اور یہ بات ظاہر ہے کہ سیاہی افق پر سفیدی کے بعد ہی آتی ہے اور صاحبین نے جو حدیث پیش کی ہے وہ موقوف ہے اس لیے یہ حدیث قابل استدلال نہیں ہوگی-